• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹیم کو بھارتی پچز پر کھیلنے میں دشواری نہیں ہو گی، عاقب جاوید

عاقب جاوید—فائل فوٹو
عاقب جاوید—فائل فوٹو

سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے بھارت میں کھیلنے میں مسئلہ نہیں ہو گا، پاکستان نے انڈیا کو ہمیشہ ہی ٹف ٹائم دیا ہے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان ٹیم جب ورلڈ کپ کے لیے بھارت جائے گی تو اسے وہاں کی پچز پر کھیلنے میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حال ہی میں بھارت نے ون ڈے میچز میں نیوزی لینڈ کے خلاف رنز کے انبار لگائے اور نشاندہی کی کہ ورلڈ کپ میں کیسی پچز ہوں گی، لیکن پاکستان کی جیسی بولنگ نیوزی لینڈ کے پاس نہیں ہے، اس لیے بھارتی بیٹرز نے چار چار سو رنز بنائے۔

عاقب جاوید کا ماننا ہے کہ بھارت کے لیے اپنے ملک میں پریشر صورتحال میں پاکستان کے خلاف 300 رنز کرنا آسان نہیں ہو گا، ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم بہتر ہے، قومی ٹیم کو بولنگ کی وجہ سے ایڈوانٹیج حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ مکمل فٹ ہیں تو ان کا بہت فائدہ ہے، پاکستان کے پاس شاداب خان کے ساتھ محمد نواز بھی ہیں، بھارت میں تو فاسٹ بولر آل راؤنڈر کی ضرورت نہیں پڑے گی، قومی ٹیم اگر 300 رنز کرتی ہے تو پھر بعد میں کوئی ٹیم کسی وجہ سے ہی ہدف کا تعاقب کرے گی۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ایسی ٹیم بنائیں جو ورلڈ کپ تک تبدیل نہ ہو، ہمارا کمبی نیشن کیا ہو گا، پلیئنگ الیون کیا ہو گی جتنی جلد فیصلہ کر لیں گے اتنا ٹیم بہتر ہو گی اور کوشش ہونی چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو رواں سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید