• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10فروری سے مہنگائی مارچ، قوم حق کیلئے باہرنکلے، امیر العظیم

لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نےمنصورہ میں قیصر شریف اور جاوید قصوری کے ساتھ پریس کانفرنس کی ،انہوں نےکہا کہ جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی شرائط کو حکومت کی جانب سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کی کسی بھی مہم جوئی کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ جماعت اسلامی 10 فروری سے تین روزہ لاہور سے اسلام آباد مہنگائی مارچ کا آغاز کررہی ہے جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے ۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کے لیے گھروں سے باہر نکلے ۔ کل کے اشتہاری، سزا یافتہ، نیب زدہ، کرپشن میں ملوث لوگ اچانک پاک صاف ہورہے ہیں ۔ مزید برآں نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور ملک میں پے در پے حادثات نے پوری قوم کو افسردہ، غم زدہ کردیا ہے۔ ۔ وہ مغل پورہ ورکرز کنونشن اور جماعتِ اسلامی لاہور کی ضلعی شوریٰ سے خطاب کررہے تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جمہوریت، انتخابات اور پارلیمانی تقدس کو پامال کرنا تمام جمہوری قوتوں کے لیے مہنگا اور خطرناک کھیل بن سکتا ہے۔ آئین کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کا انتخاب 90 دن میں لازم ہے ۔