بھارت میں لڑکی کے ساتھ میسجنگ ایپ پر چیٹنگ نوجوان کا جرم بن گیا جس کی پاداش میں اسے قتل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلورو میں ایک 20 سالہ نوجوان کو لڑکی سے میسجنگ ایپ پر چیٹنگ (بات چیت) کرنے پر قتل کردیا گیا۔
واقعے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آنجہانی نوجوان کی شناخت گووندا راجو کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان کی شناخت انیل، لوہیت، بھرت اور کشور کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ انیل نامی ملزم گووندا راجو کے گھر پہنچا جو اسے موٹر بائیک پر بٹھا کر دوسرے علاقے میں لے گیا جہاں انیل کے مزید تین دوست بھی آگئے اور گووندا کو لکڑی اور ڈنڈوں سے مارنا شروع کردیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ گووندا راجو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسی وقت چل بسا، جبکہ واقعے کے بعد ملزمان نے اپنے موبائل فونز بند کر دیے تھے اور لاش کو قریبی علاقے میں دفن کرکے فرار ہوگئے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب گووندا راجو کے اہلِ خانہ کی جانب سے اس کی گمشدگی کی شکایت درج کروانے پر تفتیش کے دوران شک کی بنیاد پر ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے گووندا راجو کو قتل کرنے کا اعتراف کیا جبکہ ان کی نشاندہی پر نوجوان کی لاش تلاش کی گئی۔ تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔