• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان کی کمیونٹی کے ساتھ ورچوئل کھلی کچہری

ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا میں سفیر پاکستان آفتاب کھوکھر نے ویانا میں ورچوئل ای کچہری کا انعقاد کیا۔ میٹنگ کا مقصد کمیونٹی کے خدشات کو سننا اور سمجھنا اور ان کے ساتھ رسائی اور مصروفیت کیلئے سفارت خانے کے عزم کو ظاہر کرنا تھا۔ سفیرپاکستان نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے سیشن کا آغاز کیا اور پشاور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ میں شہدا کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ سفیر نے اپوسٹیل کنونشن کے آئندہ نفاذ کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی فراہم کیں جو 9مارچ 2023سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ جب ایک نیا طریقہ کار قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں کچھ ممالک نے اعتراضات اٹھائے تھے، آفتاب کھوکھر نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ان اعتراضات کو دور کرنےکیلئے کام جاری ہے اور سفارت خانہ کمیونٹی کو مکمل تعاون اور مدد فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا، کمیونٹی ممبران نے بھی دہشت گردی کے واقعے کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف قونصلر معاملات پر سوالات بھی کئے جن میں قانونی حیثیت اور آسٹریا کی قومیت بھی شامل ہے، آفتاب کھوکھر نے ان مسائل کے حل کیلئے رہنمائی فراہم کی اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ ای کچہری" ایک ماہانہ سیشن ہے جس کا اہتمام مشن کے ذریعے کیا جاتا ہے تاکہ آسٹریا اور سلوواکیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو اپنے تحفظات کا اظہار کرنے اور فوری مدد حاصل کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم دیا جائے۔ مشن ہر سیشن میں کمیونٹی کے وسیع مسائل پر ہونے والی پیش رفت پر بھی بات کرتا ہے۔ 

یورپ سے سے مزید