• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کشمیری پاکستان کی سالمیت کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، رہنما وٹفورڈ کمیونٹی فورم

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) پشاور پولیس لائنز کے قریب مسجد میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنایا جائے، ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے ان خیالات کا اظہار کمیونٹی فورم وٹفورڈ کے چیئرمین امجد امین بوبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا اس سے قبل بھی اسکول کالج ، چرچ، مساجد میں دھماکے ہو چکے ہیں،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد ی کی لہر کو روکنے کیلئے سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے جائیں، اوور سیز کشمیر ی پاکستان کی سالمیت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔عوامی مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر حاجی محمد منیر نے کہا بھارت کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گرد ی کیلئے افغانستان کی سر زمین استعمال کر رہا ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد ی سے محفوظ بنانے کیلئے ٹھوس اور موثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ کونسلر ادریس نے پاکستا ن کی معاشی صورتحال اور دہشت گرد ی کے مسئلے کو سنگین قرار دیا اور کہا کہ پاکستان قرضوں میں ڈوبا ہوا ہےمزید قرضے لینے کیلئے آئی ایم ایف کاانتظار کیا جارہا ہے، یہ شرم کا مقام ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے ساتھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہےلیکن اپنے وسائل پر انحصار کرنے کے بجائے غیر ملکی قرضوں کا سہارا لے رہا ہے۔ پاکستان کے رہنمائوں کو کشکول کی عادت پڑ گئی ہے ۔ چوہدری محمد شاہپال نے کہا پشاور واقعہ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ملکی صورتحال بہتر ہونے تک افغانستان کے ساتھ سرحد بند کر نے پر غور کیا جائے، افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ۔ شفقت اقبال نے کہا بھارت کشمیر کی جنگ آزادی سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے اندر دہشت گردی کرا رہا ہے۔ حکومت پاکستان ان واقعات کو عالمی برادری کے سامنے پیش کر ے۔

یورپ سے سے مزید