• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو آل پارٹیز کانفرنس میں ضرور شرکت کرنا چاہئے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاوق شیخ کے پہلے سوال کیا دہشتگردی سمیت قومی امور پر اہم بیٹھک سے متعلق تحریک انصاف کا فیصلہ درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان کو آل پارٹیز کانفرنس میں ضرور شرکت کرنا چاہئے لیکن اس کا امکان بہت کم ہے،لگتا ہے پی ٹی آئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریگی، حکومت نے تحریک انصاف کو قومی امور پر اہم بیٹھک میں مدعو کرنے سے پہلے درکار ماحول نہیں بنایا۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ عمران خان کی دلیل میں وزن ہے ان کیخلاف جھوٹے مقدمے قائم کیے جارہے ہیں، عمران خان کو فتنہ، فسادی، یہودی ایجنٹ، دہشت گردوں کا سہولت کار اور طالبان خان کہا جارہا ہے،اس کے باوجود پی ٹی آئی کو ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں لازمی شرکت کرنا چاہئے تھا، لگتا ہے پی ٹی آئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے گی، عمران خان کیخلاف جو ہورہا ہے اس میں حکومت برابر کی شریک ہے۔

حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج تک تمام بڑے فیصلے پارٹی لیڈرز سے مشاورت کے بغیر کیے ہیں، عمرا ن خان سمجھتے ہیں ملک کی خراب معاشی صورتحال ان کی سیاست کو سوٹ کرتی ہے، پی ٹی آئی دہشتگردی کیخلاف اے پی سی میں شرکت کی حمایت کرے گی لیکن عمران خان نہیں مانیں گے۔

مظہر عباس نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف کو قومی امور پر اہم بیٹھک میں مدعو کرنے سے پہلے درکار ماحول نہیں بنایا، حکومت پی ٹی آئی کے لیڈرز کیخلاف بغاوت کے مقدمات ختم کردیتی تو اس سے بات چیت کیلئے ماحول بنتا، عمران خان ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں جاکر اپنی حکومت کی افغان پالیسی کے بارے میں بتاتے تو سب سے زیادہ ابھر کر آتے، عمران خان کو آل پارٹیز کانفرنس میں ضرور شرکت کرنا چاہئے لیکن اس کا امکان بہت کم ہے، میں اس غلط فہمی میں تھا کہ ملک میں حکومت موجود اور وزیراعظم چیف ایگزیکٹو ہیں۔

 منیب فاروق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہونا چاہئے تھا، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنا پسند نہیں کرتے تو اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرسکتے ہیں، پی ٹی آئی اپنے غلط کاموں کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید