لاہور(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنماؤں فرخ حبیب ‘فوادچوہدری ‘مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان جب کال دیں گے ہم ملک کی جیلیں بھردیں گے‘پہلے ہم گرفتاری دیں گے ‘پھر عوام جیلیں بھرے گی ‘مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کرپشن میں لتھڑی قیادت کو کو شرم دلوانے کیلئے ’’ ڈوب مرو ‘‘ تحریک بھی جلد شروع ہو گی‘ کارکنان اور عوام عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی کال کے شدت سے منتظر ہیں‘ملک کی جیلیں کم پڑ جائیں گی لیکن ہمارا جذبہ ماند پڑے گااور نہ حوصلے کم ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب بھی عمران خان جیل بھرو تحریک کا اعلان کریں گے جہلم میں سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا‘ عوام اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر جیلوں میں جانے کیلئے تو تیار ہے،لٹیروں کا سورج غروب ہوکر رہے گا۔فوادچوہدری کا کہناتھاکہ 1999ءمیں جب پرویز مشرف نے نواز شریف کو کان سے پکڑ کر نکالا تھا تو وہ پاکستان پر احسان کیا تھا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں‘آج جو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے لوگ چلا رہے ہیں کہ مشرف نے آئین توڑا تھا تو میں پوچھتا ہوں کہ کیا آج ملک میں آئین ہے۔