ملتان (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمرانی ٹولے نے 2014 سے لانگ مارچ اور دھرنے دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اب یہ کہہ رہا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرینگے، تم جیل بھرو تحریک شروع کرو تمہارا علاج میں کروں گا، جیل بھرو تحریک کے دوران تمہیں وہاں رکھیں گے جہاں ہمیں رکھا گیا تھا، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے ، الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائینگے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ملتان میں مسلم لیگ( ن) ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ یہ جو پروپیگنڈہ کیاجارہاہے کہ ہم الیکشن سے گھبرا رہے ہیں تو ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ہم الیکشن کےلئے تیارہیں۔ الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ کارکن تیاری کریں، الیکشن دوماہ میں ہوں یا دس ماہ میں ہم الیکشن میں جیت کے جذبے کے ساتھ جائیں گے۔ یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کے الیکشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نوازشریف پر اعتماد کریں اور نوازشریف نے جس طرح پہلے بھی ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اب بھی ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ہے۔