• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سریاب روڈ سے گاڑیاں چوری کرنیوالے گروہ کا سرغنہ گرفتار

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)سی آئی اے پولیس نے سریاب روڈ سے گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے مسروقہ گاڑی برآمد کر لی۔ ابتدائی تفتیش میں درجن سے زائد گاڑیاں چوری کر کے مستونگ اور کوہلو میں 80ہزار سے ایک لاکھ تک میں فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق نوشکی کے رہائشی ٹرانسپورٹر محمد بخش ولد عبدالخالق نے نیو سریاب تھانے میں چار فروری کو رپورٹ درج کرائی تھی کہ وہ نوشکی سے گاڑی میں اپنے سالے محمد رمضان کے گھر سریاب مل کالونی آیا تھا اور گاڑی گھر کے باہر گھڑی کی تھی جسے نامعلوم افراد چرا کر لے گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر میسر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی آئی اے کی ٹیم کو ملزمان کی گرفتار ی اور گاڑی برآمد کرنے کی ہدایت کی جس پر سی آئی اے کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گاڑی چوری کرنے والے گروہ کے کا سراغ لگا کر گزشتہ روز سریاب روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ نور احمد کو گرفتار کر کے ٹرانسپورٹر کی گاڑی برآمد کر لی۔ ذرائع نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں سے ایک درجن سے زائد گاڑیاں چوری کرکے مستونگ اور کوہلو میں 80ہزار سے ایک لاکھ تک فروخت کرنے کا اعتراف کیا ،ملزم نے اپنے ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جن کی گرفتاری کیلئے ٹیم چھاپے مار رہی ہے ۔