• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد اسلام امجد نے اپنے بارے میں کیا کہا تھا؟

امجد اسلام امجد—فائل فوٹو
امجد اسلام امجد—فائل فوٹو

معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد 78 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے عظیم ڈرامہ نویس اور شاعر امجد اسلام امجد انتقال کر گئے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انہوں نے کیا خوب اپنے بارے میں کہا تھا۔

اگر کبھی میری یاد آئے
تو چاند راتوں کی نرم دلگیر روشنی میں
کسی ستارے کو دیکھ لینا،
گریز کرتی ہوا کی لہروں پہ ہاتھ رکھنا
میں خوشبوؤں میں تمہیں ملوں گا،
مجھے گلابوں کی پتیوں میں تلاش کرنا،
میں اوس قطروں کے آئینوں میں تمہیں ملوں گا،
اگر ستاروں میں اوس قطروں میں خوشبوؤں میں نہ پاؤ مجھ کو،
تو اپنے قدموں میں دیکھ لینا میں گرد ہوتی مسافتوں میں تمہیں ملوں گا۔


دوسری جانب  وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ممتاز شاعر اور مصنف امجد اسلام امجد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا اور ان کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امجد اسلام امجد نے وارث، فشار اور سمندر جیسے یادگار ڈرامے دیے، ادب کے لیے ان کی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی وفات سے پاکستانی ادب ایک عظیم مصنف اور شاعر سے محروم ہو گیا۔

واضح رہے کہ معروف شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے۔

اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، انتقال کے وقت ان کی عمر 78 برس تھی۔

اہل خانہ کے مطابق امجد اسلام امجد کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید