• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پیٹرول کی صورتحال پر حقائق آپ کے سامنے رکھنا ضروری ہیں: شاہد خاقان عباسی

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی—فائل فوٹو
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی—فائل فوٹو

سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج پیٹرول کی صورتِ حال پر حقائق آپ کے سامنے رکھنا ضروری ہیں، جنگ شروع ہوتے ہی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی روکنا حکومت کا کام ہے، حکومت فیصلہ نہیں کر سکی کہ پیٹرول کی صورتِ حال کیسے مینج کرنی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کریں، حکومت الیکٹرک وہیکل پر توجہ دے، خاص طور پر الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کر دیں، مارکیٹ پر چھوڑ دیں، ڈی ریگولیٹ کرنے سے کوئی خطرہ نہیں ہو گا کہ کوئی پیسے بنا لے گا، قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے وزیراعظم کو آدھی رات قیمتیں کم یا زیادہ نہیں کرنی پڑیں گی۔ آئل کمپنیوں نے اربوں روپے بنائے، وہ پیسہ عوام سے نکالا گیا، الیکٹرک وہیکل پالیسی پر توجہ دیں، یہ دو کام کرنے سے 6 ارب ڈالر کا بوجھ کم ہو جائے گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سولر کا انقلاب آیا، دنیا نے تسلیم کیا، ملک میں سولر انقلاب حکومت کے عمل دخل کے بغیر آیا، عوام نے حکومت کی سپورٹ کے بغیر 26 ہزار میگا واٹ سولر سسٹم لگایا۔ ہم واحد ملک ہیں جہاں پر سولر پر ٹیکس عائد کیا جاتا ہے، عوام نے اپنے پیسوں سے خود سولر لگایا، حکومت نے ٹیکس عائد کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن کی کیا سطح ہے؟ ہر جگہ کرپشن ہے، ہر شخص جانتا ہے کہ ملک میں کرپشن کی کیا صورتِ حال ہے، پیسے بانٹنا کسی مسئلے کا حل نہیں، پالیسیاں بنائیں۔

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایل این جی کا مسئلہ اب حل ہوگیا، ایل این جی اب پاکستان آتی ہی نہیں، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ایل این جی مسئلہ ہے تو لینا بند کر دیں، دنیا کے سستے ترین ایل این جی ٹرمینل پاکستان میں لگے، پالیسی میں ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر ایل این جی لا سکتا ہے، حکومت اس معاملے سے نکل جائے۔

قومی خبریں سے مزید