• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کے بروقت نوٹس کی وجہ سے پیٹرول کی قلت پیدا نہیں ہوئی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بر وقت نوٹس لیا اس لیے پیٹرول کی قلت پیدا نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے پبلک ٹرانسپورٹ اسلام آباد اور پنجاب میں مفت ہوگئی ہے جبکہ سندھ حکومت نے بھی کرایوں میں اضافہ روک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی ہمسایہ ملک میں پیٹرول کے لیے لائنیں لگی ہوئی ہیں، پیٹرول دستیاب نہیں، خطے کے کئی ممالک میں پیٹرول کی قلت ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے ملک میں پیٹرول کی قلت نہیں ہونے دی، وزیر اعظم نے بروقت نوٹس لیا اس لیے پیٹرول کی قلت پیدا نہیں ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کی وجہ سے سپلائی لائن متاثر ہونے کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں اوپر گئیں، پیٹرول کے استعمال میں ہم سب کو احتیاط کے ساتھ چلنا ہوگا۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے وزرا کی تنخواہیں کاٹیں، گاڑیاں کم کیں لیکن عوام کےلیے پیٹرول کی قلت نہیں ہونے دی۔

انہوں نے کہا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت تمام قومی قیادت کو گزشتہ روز اکٹھا کیا گیا اور بتایا گیا کہ اب حکومت کےلیے مہنگائی کا بوجھ اٹھانا مشکل ہوگیا ہے۔ مشاورت کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ اور سبسڈی کا نظام واضح کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک عوام خود کو محفوظ محسوس نہ کریں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم روز وزرا سے کارکردگی کا پوچھتے ہیں، عوام کے تحفظ کے لیے دن رات کوشش کریں گے، تیل کی قلت ہمارا مسئلہ نہیں، اس کی قیمت مستحکم رکھنا چیلنج تھا۔

قومی خبریں سے مزید