اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت نے گوادر کی عوام کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے کر تمام شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات کافیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی اور سی پیک اتھارٹی کے حکام مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں گے،ذرائع نے بتایا ہے کہ گوادر کی عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کے لیے وفاقی وزیر احسن اقبال کی خصوصی ہدایت پر تمام شراکت داروں کو اکٹھا کرنے کے لیے پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں حق دو تحریک کے رہنماوں، صوبائی حکومت کے عہدیدران، طلبا رہنما، سول سوسائٹی کے رہنماوں اور صحافیوں کو اعتماد میں لے کر ان مطالبات کو پورا کیا جائے گاجو وفاقی یا صوبائی حکومت سے متعلق ہیں،ذرائع نے بتایا ہے کہ بیشتر مطالبات کا تعلق صوبائی حکومت سے متعلق ہے جو صوبائی حکومت نے پورے کرنے ہیں۔