• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب آئین شکنی کے مرتکب ہورہے ہیں، عمران خان

اسلام آباد ،لاہور (خبر نگار،خبر ایجنسیاں )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کی ملاقات میں انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ نہ ہونے پر عمران خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا،اس موقع پر الیکشن کمیشن اور گورنر کے الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے بعد کی حکمت عملی پر غور کیا گیا،اہم اجلاس میں آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے آئینی کردار ادا کرنے کے آپشن پر بھی غور ہوا، عمران خان نے صدر سے ہونے والے رابطے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ حسب توقع الیکشن کمیشن اور گورنر کے اجلاس میں صرف وقت ضائع کیا گیا ، پاکستان کے آئین اور ہائی کورٹ کے احکامات کو مذاق بنا دیا گیا ہے ، آئین کو ردی کی کتاب کی طرح لیا جا رہا ہے ، عوام کی رائے کی کوئی حیثیت ہے نہ اوقات ہے ، اگر آئین کی بحالی کیلئے عوام سڑکوں پر نہ نکلے تو پاکستان نو آبادی بن جائے گا ، مریم نواز اور چیف الیکشن کمشنر عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں ، اسد عمر نے ٹویٹ میں لکھا کہ امپورٹڈ حکومت کو نظر آ رہا ہے کہ ان کی آئین توڑ کر الیکشن سے بھاگنے کی خواہش کے سامنے عدلیہ ایک دیوار بن سکتی ہے اس لئے عدلیہ پر حملے شروع کر دئیے ہیں، الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو ہر حد تک جائیں گے ، فرخ حبیب نے ٹویٹ کیا کہ لیکشن کمیشن اور گورنر آنیاں جانیان بند کریں ، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت واضح ہے ، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے ، چیف جسٹس صاحب نوٹس لیں ، اگر انتخابات جیسے آئینی معاملات پر بھی حکم عدولی ہوتی رہے گی تو عدالتی فیصلوں کا احترام کون کرے گا؟
اہم خبریں سے مزید