ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک ہی نہیں بلکہ ترقی یافتہ معاشروں میں بھی کمر کے درد نے ایک وبا کی شکل اختیار کر لی ہے اور اسے صحت کے سب سے زیادہ متعلقہ مسائل میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہ 80 فیصد سے زیادہ آبادی کو زندگی میں کسی بھی وقت متاثر کر سکتا ہے۔ اس کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ہمیں اس میں مناسب فرق کرنا ہوگا۔
کمر کے مختلف حصوں میں درد کا الگ نام ہے جو اس حصے سے منسوب ہوتا ہے جہاں درد ہو رہا ہوتا ہے۔ سرویکلجیا، جو کہ سروائیکل سے نکلا ہے، یہ سروائیکل ایریا (گردن) کو متاثر کرتا ہے۔ ڈورسلجیا، کمر کے نچلے حصے میں درد کا باعث بنتا ہے۔ بہت ساری طبی رپورٹوں میں ان الفاظ کا ملنا عام ہے، لیکن یہ واقعی کسی تشخیص سے مطابقت نہیں رکھتے، صرف یہ بتاتے ہیں کہ جسم کے کس مخصوص حصے میں درد ہے۔
کب پریشان ہونا چاہیے؟
یہ حقیقت اپنی جگہ کہ کمر درد جان لیوا نہیں ہوتا، لیکن شکایات کی صورت میں ماہر ڈاکٹر سے فوری رجوع کرنا بہتر رہتا ہے۔ زندگی میں کسی نہ کسی موقع پر ہر شخص کو کمر درد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن خوش قسمتی سے زیادہ تر معاملات میں یہ سنجیدہ نہیں ہوتا۔ بہت سے لوگوں میں، یہ شروع ہونے کے ایک ماہ بعد کم ہو جاتا ہے۔
فزیو تھراپسٹ اور ڈاکٹر ان علامات کے لیے ریڈ فلیگس کا استعمال کرتے ہیں جو ریڑھ کی ہڈی یا جسم کے کسی اور حصے میں سنگین بیماری کو ظاہر کر سکتے ہیں۔ کچھ انتباہی علامات سینسری یعنی کسی حس میں تبدیلی اور عضلاتی یا پٹھوں میں تبدیلیوں کی شکل میں سامنے آتی ہیں۔ جیسا کہ اعضاء میں جھنجھلاہٹ، طاقت میں کمی، پیشاب کی بے قاعدگی، بغیر کسی جواز کے وزن کم ہونا، دھچکا لگنا، چھاتی کے علاقے میں درد محسوس کرنا یا بخار ہونا۔
کمر درد سے نمٹنے کا طریقہ
نفسیاتی عوامل، جنھیں پیلا جھنڈا کہا جاتا ہے، درد کے طویل عرصے تک رہنے کا باعث ہوتے ہیں جس کے بعد یہ درد دائمی بن جاتا ہے ۔ پیلے جھنڈوں کی کچھ مثالیں یہ ہیں: منفی رویہ اپنانا (ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ بہت زیادہ درد سنگین چوٹ یا معذوری کا مترادف نہیں ہے)؛ تکلیف کے خوف سے جسمانی سرگرمیاں چھوڑ دینا یا یہ کہ مسئلہ مزید بگڑ جائے گا (نام نہاد کائنسیوفوبیا) یہ سوچ کر کہ غیر فعال علاج ورزش سے بہتر ہے، اور سماجی، خاندانی یا مالی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کمر درد کیلئے بہترین ورزشیں
کمر درد کے ماہر فزیو تھراپسٹ ہر مریض کی ضروریات اور بیماری کی بنیاد پر ورزش تجویز کرتے ہیں۔
طویل عرصے تک کمر کے نچلے حصے میں درد کے موضوع پر، ماہرین کا بین الاقوامی نیٹ ورک کوکرین کولیبوریشن اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ باقاعدہ طے کیا گیا ورزش کا پروگرام دیگر طبی مداخلتوں یا علاج سے زیادہ مؤثر ہے، لیکن کوئی بھی ایک پروگرام دوسروں کے مقابلے میں بہتر ثابت نہیں ہوتا۔
تاہم، کچھ حالیہ تحقیقات کمر کے نچلے حصے کے درد کو دور کرنے کے لیے پیلاٹیز اور میکینزی طریقہ کار کی ورزش (جو کمر کی توسیع کی حرکات پر توجہ مرکوز کرتی ہیں) کی تجویز پیش کرتی ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ علاج کی ورزش اور مریضوں کی درست مشاورت تھراپی کے اثر کو بڑھاتی ہے۔ لہٰذا، فزیوتھراپی کے متعدد متبادل پیش کیے جاتے ہیں۔ بہت سی ورزشوں کا مقصد ریڑھ کی ہڈی کی نقل و حرکت کو بہتر بنانا اور چھوٹے پٹھوں کو کھینچنا ہے (مثال کے طور پر ریڑھ کی ہڈی کے ایکسٹینسر مسلز، ہیمسٹرنگز اور الیوپسوز)۔
کچھ لوگ پٹھوں کی مضبوطی اور مناسب کنٹرول چاہتے ہیں، خاص طور پر مرکزی حصوں یا نام نہاد کور مسلز میں، اور ساتھ ہی پوسچر یعنی کہ چلنے پھرنے اور بیٹھنے کے طرزِ عمل میں بہتری۔ لیکن کوئی بھی سرگرمی چاہے وہ آسان ہی کیوں نہ ہو، فائدہ مند ہے۔ سائنس بتاتی ہے کہ چہل قدمی درد کو کم کرتی ہے اور معیار زندگی کو بہتر بناتی ہے ، نیز کمر کے دائمی درد میں حرکت سے بچنے کے رویے کو روکتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ فعال رہنے کے سب سے آسان اور سب سے سستے طریقوں میں سے ایک ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ایسی سرگرمی انجام دی جائے جو مریض کی پسند کے مطابق ہو: بدترین ورزش وہ ہے جو کبھی نہیں کی جاتی۔
کمر درد اور کھیل کود
طرز زندگی، عام طور پر ہماری صحت کا ناصرف ایک بہت بڑا دشمن، بلکہ کمر کے درد کو طویل کرنے اور زیادہ معذوری پیدا کرنے کی وجہ بھی ہے۔ لہٰذا، آرام کو مناسب طور پر جائز اور کم از کم ممکنہ وقت تک محدود ہونا چاہیے۔ ایسا نہیں دیکھا گیا کہ کھیلوں میں شمولیت کمر درد کو دوبارہ ظاہر کرنے کا سبب بنے۔ بلکہ، یہ اس بات کی حمایت کرتا ہے کہ اس سے فزیوتھراپی علاج کے فوائد کو برقرار رکھا جاسکتا ہے، جب تک کہ اس کی شدت اور مدت کو کنٹرول میں رکھا جائے۔
اگر ہم ایک ٹیم سپورٹ (فٹ بال یا باسکٹ بال) کا انتخاب کرتے ہیں، تو اہم بات یہ ہے کہ شرکاء کے درمیان رابطے اور اچانک اور شدید حرکات کو مدنظر رکھا جائے۔ جہاں تک دوڑنے کی سرگرمی کا تعلق ہے، یہ ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے اور آپ کی ایڑھی پر بار بار اثرات اور تناؤ پیدا کرتی ہے، کیونکہ یہ ایک ایسے کمپریشن کو سپورٹ کرتا ہے جو جسمانی وزن سے 2.7اور 5.7 گنا کے درمیان گھومتا ہے۔
تیز دوڑنا کمر کے نچلے حصے میں درد کے لیے خطرہ کا باعث ہو سکتا ہے، لیکن آہستہ دوڑنا کسی بھی قسم کی کمر کی تکلیف کو بہتر بناتا ہے۔ مختصر یہ کہ کمر درد علاج کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مریض کو یہ یقین دلایا جائے کہ غیر ضروری آرام سے گریز کریں، ضرورت سے زیادہ دوائیوں پر قابو پائیں اور طرز زندگی کو تبدیل کریں۔ ان تجاویز پر عمل سے آپ کافی بہتر محسوس کریں گے۔