لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سری لنکا میں بھی ایسے ہی حالات تھے جب عوام سڑکوں پر نکلے تھے‘ لوگوں نے گھر جلائے‘ وزیر اعظم کا گھر جلا دیا گیا‘ اگر ہم پر امن طریقہ اختیار نہ کریں تو قوم اس طرف جائے گی جہاں اس ملک میں تباہی مچے گی‘شہباز شریف پنجاب اور فضل الرحمان خیبر پختوانخواہ کی نگراں حکومت کو کنٹرول کر رہا ہے‘پرویز الٰہی نے قربانی دی اس لئے انہیں پارٹی میں صدر کا عہدہ دے کر عزت اور اعزازسے نوازا ہے‘ ہمارے گرفتار سینئر رہنماؤں کے ساتھ ایسا سلوک کیاجارہا ہے جیسے وہ کوئی دہشت گرد ہوں ، لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے انہیں دور کے شہروں میں بھجوایا جا رہا ہے۔ جمعرات کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس طرح لوگ نکلے ہیں سب کو سمجھ آجانی چاہئے کہ قوم کہاں کھڑی ہے ، ملک کی تاریخ میں کبھی کسی نے اس طرح کا نظارہ نہیں دیکھا ۔الیکشن کمیشن اخلاقی طور پر کرپٹ ہے اور یہ ہمارے خلاف (ن)لیگ اور پی ڈی ایم کا حصہ بن کر مہم چلا رہا ہے ۔ ممنوعہ فنڈنگ کا کیس کسی بھی عدالت میں جائے گا وہ اسے باہر پھینک دے گی،سب کی اس کیس میں ضمانت ہو گئی ہے میرے ایف آئی اے نے وارنٹ نکال دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چن کر ایسے شخص کو نگراں وزیراعلیٰ لے کر آئے ہیں جو ہمارا سخت مخالف تھا۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کے جتنے بھی اقدامات ہیں وہ ہمارے خلاف ہیں۔جس طر کی تقریریں کی جارہی ہیں وہ سب کے سامنے ہیں‘ جب کیس عدالت میں زیر سماعت ہو کیا سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف اس طرح کی زبان استعمال کرنے کی اجازت ہے ؟ انہوں نے عدلیہ پر دباؤ ڈالا ہوا ہے اور صرف ان کا ایک مقصد ہے کہ نوے روز میں انتخابات نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ ججز کو کہنا چاہتا ہوں یہ پاکستان میں فیصلہ کن وقت ہے ،اس ملک کی تاریخ بھری ہوئی ہے کہ طاقتور جو خود کو قانون سے اوپر سمجھتے ہیں وہ عدلیہ کو دباؤ میں لاتے ہیں کہ ججز آئین سے ہٹ جائیں،انصاف دینے سے پیچھے ہٹ جائیں۔ انہوںنے کبھی بھی آزاد عدلیہ کو گوارہ نہیں کیا۔