• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچھی اور بھرپور نیند کیلئے ماہرین صحت کی تجاویز

عمومی طور پر بنیادی خوراک میں مناسب مقدار میں پھل اور سبزیاں شامل ہوں تو وہ ہماری جسمانی ضرورت کے مطابق حیاتین اور غذائیت کی ضروریات پوری کرتی ہیں، اس کے باعث اچھی اور بھرپور نیند کے ساتھ جسمانی وزن کو بھی قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔ 

تاہم اچھی نیند کے لیے سونے سے قبل کسی خصوصی ڈائٹ پلان تجویز کرنے کے لیے تحقیق مشکل امر ہے، کیونکہ غذایت اور نیند کافی پیچیدہ معاملات ہیں اور اس میں کئی عوام جسمانی نظام کے ساتھ منسلک ہیں۔ 

ماہرین کے مطابق ہمیں چاہیے کہ ہم بجائے اس کے کہ نقصان دہ خوراک کا بہت زیادہ استعمال کریں ہم غذایت سے بھرپور اشیا اپنی خوراک میں شامل کریں۔

مناسب مقدار میں غذایت سے بھرپور مختلف اقسام کے حیاتین اور معدنیات جو کہ عملی طور پر ہمارے تمام نفسیاتی نظام کو بہتر بنائے وہی اچھی صحت اور بھرپور نیند کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس مقصد کے لیے درج ذیل خوراک اہمیت کی حامل ہیں۔

میلاٹونن بڑھانے والی خوراک: 

میلاٹونن دراصل ایک ورٹیبریٹ ہارمون ہے جو کہ ہمارے جسم میں نیند کے معاملات کو کنٹرول کرتا ہے، یہ ایک امینو ایسڈ ہے جسے ٹراپٹوفان بھی کہا جاتا ہے اور یہ پروٹین، جیسے کہ ڈیری مصنوعات، چکن، انڈے اور سمندری خوراک میں بکثرت پایا جاتا ہے، اس کے علاوہ پاستا، بریڈ، چاول اور آلو کو مختلف خوراک کی شکل میں استعمال کرنے سے اچھی نیند کا سبب بنتی ہے۔

آدھی رات کو اسنیک کا استعمال ترک کریں:

آدھی رات کو یہ سوچ کر اٹھنا کہ کچھ کھائے بغیر بستر پر واپس نہیں جانا نقصاندہ ہوتا ہے، اسے فوری ترک کرنا چاہیے اور اس کے بجائے کوئی کتاب پڑھنے اور تھوڑا پانی پی کر سو جانا چاہیے اور دن کو جس قدر خواہش ہو بھرپور غذائیت پر مبنی اشیا کھانا چاہیے۔

ڈنر کے فوری بعد سونا نقصاندہ ہے:

ڈنر کے فوری بعد بستر پر نہیں جانا چاہیے بلکہ رات کو جلدی کھانا کر کافی دیر جاگنا اور چلنا پھرنا چاہیے تاکہ خوراک ہضم ہوجائے۔ اس لیے سونے سے دو تین گھنٹے قبل ڈنر کرنا بہتر ہوتا ہے، اس سے وزن میں کمی کے ساتھ اچھی نیند بھی آتی ہے، جبکہ دوران نیند تیزابیت کی شکایت بھی نہیں ہوتی۔ 

سونے سے قبل دودھ کا استعمال: 

رات کو سونے سے پہلے ایک گلاس دودھ پینا بہت مفید ہوتا ہے کیونکہ ٹراپٹوفان اور میلاٹونن دودھ میں شامل دو اجزا ہیں اور یہ دونوں نیند کے لیے بہت مفید ہیں اور ماہرین صحت سلیپ ڈس آرڈر کے مریضوں کے لیے رات کو سونے سے قبل دودھ تجویز کرتے ہیں۔

خشک میوہ جاتا کا استعمال:

خشک میوے مثلاً بادام، اخروٹ، پستہ اور کاجو بھرپور نیند میں کافی معاون ثابت ہوئے ہیں، کیونکہ ان میں بھی میلاٹونن کے علاوہ میگنیشیم اور زنک جیسے معدنیات  بکثرت پائے جاتے ہیں لیکن یہ اشیا بھی آدھی رات کے بجائے سونے سے بہت پہلے اور ڈنر کے دوران یا پھر شام کی چائے کافی کے وقت استعمال کرلینا چاہیے۔

صحت سے مزید