• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی یورپ 18مارچ کو یورپین پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کریگی

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) تحریک انصاف کی یورپ بھر کی تنظیمیں 18مارچ کو یورپین پارلیمنٹ کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گی جس میں پارٹی چیئر مین عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے اس بات کا اعلان تحریک انصاف بلجیئم کے صدر غلام ربانی بابو نے برسلز میں کیا۔ روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف بلجیئم کی میزبانی میں فرانس، جرمنی، ہالینڈ، اسپین، برطانیہ، پرتگال، ڈنمارک، ناروے، لکسمبرگ، اٹلی ،آسٹریا، سویڈن اور آئر لینڈ سے PTI کی تنظیمیں پاکستان میں پی ڈی ایم کی حکومت کی جانب سے پارٹی کی اعلٰی قیادت کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر درج ہونے والے دہشت گردی کے مقدمات اور حکومت کی جانب سے آئین سے انحراف کرتے ہوئے الیکشن سے فرار کیلئے مختلف حربے اختیار کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا جائے گا،۔ یہ مظاہرہ ہفتے کے روز دن کے 2بجے یورپین پارلیمنٹ کے سامنے واقع پلس لکسمبرگ پر منعقد ہوگا، اس مظاہرے میں امریکہ، کینیڈا اور سائوتھ افریقہ سے بھی وفود شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اوورسیز موجودہ حکومت کی جانب سے ان کے ووٹ دینے کے حق کو واپس لینے کو کبھی نہیں بھولیں گے، اس عمل کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے جمہوری عمل میں شرکت کے حق سے محروم کیا گیا جو ہمارے لیے ناقابل یقین ہے۔
یورپ سے سے مزید