لاہور ( این این آئی) لاہور ایئرپورٹ پر ابوظہبی جانے والے مسافر سے جعلی پاکستانی پاسپورٹ ، نیدر لینڈ اور سوئیڈن کے جعلی ویزہ اسٹیکر برآمد کر لئے گئے ، ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر نے30لاکھ کے عوض ایجنٹ سے پاسپورٹ ،ویزے حاصل کئے، اٹلی جانا تھا ،مسافر کو آف لوڈ کر کے قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافرکو آف لوڈ کر دیا۔عاطف ارشاد نامی مسافر فلائٹ نمبر ای وائے 242کے ذریعے ابوظہبی جا رہا تھا۔دوران تلاشی مسافر کے سامان سے جعلی پاکستانی پاسپورٹس، نیدرلینڈ اور سوئیڈن کے جعلی ویزہ اسٹیکر برآمد کر لئے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے 30لاکھ کے عوض ایجنٹ سے پاسپورٹ اور ویزے حاصل کئے۔ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے جعلی پاسپورٹ عاشر عظیم اور علی رضا کے نام پر تھے۔ملزم نے انہی پاسپورٹس اور ویزوں کی مدد سے ابوظہبی سے اٹلی جانا تھا۔ملزم کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔