کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے علاقے کے موجودہ نمائندے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اورہمارے خلاف بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈہ پر اتر آئے ہیں جسے عوام یکسر مسترد کر چکے ہیں ۔ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری کے قیام سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرچنگیز جمالی کے اعزاز میں اپنی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حب و لسبیلہ میں اپنی جڑیں پکڑ چکی ہے اور آئندہ الیکشن میں حب و لسبیلہ سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جیالے ورکروں کی محنت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور بلوچستان میں حکومت سازی کیساتھ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اور حب لسبیلہ اور ملحقہ علاقوں کے لئے ہمارے کئے گئے ترقیاتی کام کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر وندر میں پندرہ ہزار ایکڑ اراضی بارے جو بے بنیاد الزامات لگائے گئے اس کے لئے ہرجانے کا کیس دائر کرنے کے ساتھ ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کرونگا۔ منفی ہتھکنڈوں سے ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روکا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہمارے ترقیاتی کاموں کو سراہنے کی بجائے روڑے اٹکائے گئے اور انہیں رکوا دیا گیا جو عوام کی خدمت نہیں۔وزیراعلیٰ سے درخواست ہے کہ اس سلسلے میں چیف سیکرٹری کی صدارت میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس سلسلے میں تحقیقات کرے اور تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔