کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی ہندو کمیونٹیز سمیت دنیا بھر میں ہولی منانے والوں کو تہوار کی مبارک باد پیش کی ہے۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہولی کا تہوار جھوٹ پر سچ کی ابدی فتح، معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ اور تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنے کی علامت ہے۔ پاکستان کی ہندو برادری کی ملک کی ترقی اور قوم سازی میں ہمیشہ قابلِ فخر کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے امتیاز کا خاتمہ، رواداری کو فروغ اور مساوات پر کھڑے معاشرے کا قیام پاکستان پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے۔