• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیسٹ فلائٹ 23 مارچ کو کئے جانیکا پلان

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) عوامی جمہوریہ چین کے عملی اور دوستانہ تعاون سے بننے والے گوادر کے نئے انٹرنیشنل ائرپورٹ پر 23مارچ 2023ء کو ٹیسٹ فلائٹ کا پلان بنایا گیا ہے۔

 ٹیسٹ فلائٹ کیلئے مسافر بردار طیارے کا انتخاب آنے والے دنوں میں ہو گا جو پاکستان کے ایک سب سے بڑے طویل رن وے پر لینڈ کر کے ایپرن تک جائیگا‘ جس کے بعد یہ طیارہ ایپرن سے رن وے پر جا کر ٹیک آف کی ایکسرسائز بھی کریگا۔

 گوادر کے نئے انٹرنیشنل ائرپورٹ پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار اور مال بردار طیارے لینڈ کر سکیں گے اور ٹیک آف کیا کرینگے۔

کارگو طیارے دنیا کے مختلف ملکوں سے لینڈ کر کے گوادر پورٹ تک کھڑے بحری جہازوں کے ذریعے مال کو دوسرے ملکوں تک پہنچایا کرینگے۔

 گرین فیلڈ گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ چائنا سمیت خطہ کے درجنوں ممالک کے کارگو طیاروں کیلئے امپورٹ ایکسپورٹ کا بہترین آپشن ہو گا۔ جنگ کو باخبر ذرائع نے بتایا کہ چونکہ نئے گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مختلف سسٹم کی تنصیب چینی کمپنیاں کر رہی ہیں‘ جوجولائی اگست 2023ء تک مکمل ہو جائینگی۔

اسکے بعد پاکستان اور چین کی اعلیٰ شخصیات اپنی مصروفیات میں سے ستمبر اکتوبر میں نئے گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی افتتاحی تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ستمبر اکتوبر کی کوئی تاریخ دیں گی۔ اسی روز پاکستان کا طویل ترین رن وے والا انٹرنیشنل ائرپورٹ مسافر اور کارگو طیاروں کیلئے کھول دیا جائیگا۔

ملک بھر سے سے مزید