کوئٹہ (پ ر ) پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات اور وزارت اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی فوکل پرسن برائے ای او بی آئی محترمہ کرن بلوچ نے کوئٹہ میں شہری مسائل میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون شہر پانی کی شدید قلت ہے لوگ ٹینکر مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہیں جو منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں، واسا شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،سروسز کے نام پر گزشتہ ماہ سے سرکاری محکموں نے سڑکوں کوادھیڑ کر رکھ دیا جنہیں دوبارہ صرف مٹی ڈال کر چھوڑ دیا گیا ہے ، علاقے میں جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور دھول مٹی کے باعث لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، دوسری جانب نالیاں بند ہونے سے سڑکوں پر گندا پانی بہہ رہا ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن ماضی میں پوش علاقوں میں شمار ہوتا تھا مگر اب لاوارث بن گیا ہے ، علاقے میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہے، چوری ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں ، انہوں نے وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے مسائل کا نوٹس لیکر ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔