لاہور(ٹی وی رپورٹ …ایجنسیاں)تحریک انصاف نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے سیشن عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا‘سوشل میڈیا پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ جج کے فیصلے سے پہلے واٹس ایپ گروپ کے صحافیوں نے یہ پیش گوئیاں کیں‘سیشن عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائےگا ۔ ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں ریلی سے خطاب میں اتوارکو مینارپاکستان پر جلسے کا اعلان کردیا۔ عمران خان کی قیادت میں زمان پارک سے ریلی کا آغاز ہوا اور مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے داتا دربار پہنچنا تھا تاہم سابق وزیراعظم نے داتا دربار پہنچنے سے قبل ہی خطاب کردیا‘ریلی کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا اور ایمبولینس بھی کئی منٹ پھنسی رہی۔عمران خان نے بلٹ پروف گاڑی کے اندربیٹھ کرہی مختصر خطاب کیا ۔ خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ توشہ خانہ کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، توشہ خانہ گھڑی کے معاملے پر مجھ پربےحد تنقید کی گئی اور کیس بنایاگیا۔