اسلام آباد(جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ نے ایک بار پھر واضح کیاہے کہ نظام انصاف میں قانون سے لاعلمی کوئی بہانہ نہیں ہے، کوئی بھی شخص اپنی غلطیوں کا فائدہ نہیں اٹھا سکتا ہے،جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے میسرز ٹریو انڈسٹریز (پرائیویٹ)لمیٹڈ بنام بابو شیر اور دیگر کے عنوان سے کیس کا فیصلہ جاری کردیاہے ،دس صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے قلمبند کیا ،جس میں عدالت نے قراردیاہے کہ درخواست گزار نے غلط فورم کے سامنے درخواست دائر کی، اور پندرہ دن گزر جانے کے بعد، خود سے ہی یہ فرض کرلیا کہ اس کی درخواست سماعت کے لئے منظور ہو گئی ہے، جو کہ درخواست گزار کی طرف سے قانون کی مکمل طور پر غلط فہمی تھی،عدالت نے یہ قرار دیتے ہوئے درخواست کو مسترد کر دیا کہ سندھ لیبر اپیلٹ ٹریبونل کے ساتھ ساتھ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے نتائج میں کوئی غیر قانونی یا کمی نہیں پائی گئی ۔