• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان اکرم راجہ کا دورہ سندھ، عمران خان کی رہائی کے حق میں عوامی جلسے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سندھ پر طویل عرصے سے وڈیروں اور ظالم عناصر کا قبضہ ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ سندھ کی عوام متحد ہو کر ان سے نجات حاصل کرے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کراچی کے بعد سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کیا۔ جہاں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے حق میں عوامی جلسوں کا انعقاد کیا گیا،بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے صوبائی رہنمائوں کے ہمراہ حیدرآباد، جھڈو اور عمرکوٹ میں پارٹی کارکنوں کے ورکرز کنونشنز اور جلسوں میں شرکت کی۔ عوام کی جانب سے ان رہنماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا اور مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ زور و شور سے سامنے آیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ، صوبائی صدر حلیم عادل شیخ، عمران خان کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر امجد نیازی، پارٹی رہنما شائستہ کھوسو، جنرل سیکرٹری سندھ ڈاکٹر مسرور سیال، وومن ونگ سندھ کی صدر سرینہ خان، حیدرآباد ڈویژن کے صدر ایڈووکیٹ فیصل مغل، مولا بخش سومرو اور عائشہ رشید سمیت دیگر صوبائی قیادت میرپورخاص کے قریب جھڈو پہنچی، جہاں پارٹی رہنما پہلاج کولہی اور میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب قریشی و راجا عبدالحق کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا۔جھڈو میں منعقدہ اس جلسے میں اقلیتی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر قائدین اور کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ عمرکوٹ میں بھی پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی لالچند مالہی کی جانب سے ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت نے شرکت کی۔ اس سے قبل حیدرآباد بائی پاس پر پی ٹی آئی حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری محسن گھمن کی جانب سے رات گئے ورکرز کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوامی جوش و خروش کے باعث یہ کنونشن جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔
اہم خبریں سے مزید