کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری میں مسلح ملزمان نے برگر کے ٹھیلے پر فائرنگ کرکےنوجوان کو قتل کردیا،تفصیلات کے مطابق کلری تھانہ کی حدود لیاری کھڈ ہ مارکیٹ کھوکھر کچن اسٹریٹ کے قریب بر گر کے ٹھیلےپرموٹر سائیکل سوار مسلح نےفائرنگ کردی اورموقع سے فرار ہوگئے،فائرنگ کے نتیجے میں برگر کے ٹھیلے کا مالک 30سالہ عادل ولد محمد اقبال جاں بحق ہوگیا ،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتول کی لاش کواسپتال منتقل کیااور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے،ایس ایچ او تھانہ کلری سلیم مروت نے بتایا ہےکہ مقتول اپنے بھائی کے ساتھ لیاری میں برگر کا ٹھیلا لگاتا تھا ،مقتول کا بھائی برگر بنا رہا تھا جبکہ عادل ٹھیلے کے نیچے بیٹھ کر برگر میں استعمال ہونے والا سامان تیار کررہا تھا ،2موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ملزمان نے عادل پر فائرنگ کردی ،عادل کے جسم پر 4 گولیاں لگیں جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،پولیس نےجائے وقوعہ سے 4 گولیوں کے خول برآمد کرکے فرانزک کے لئے بھجوادئے ہیں،مقتول کا تعلق تنولی برادری سے ہے بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مقتول کو ملزمان نے دشمنی کی بنیاد پر قتل کیا ہے،پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات شروع کردی ہے۔