گھوٹکی(این این آئی)گھوٹکی کے ممتاز شاہ محلے میں معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی پراسرار موت کا معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا۔ مقتولہ کی لاش ان کے گھر سے مشتبہ حالت میں ملی، جبکہ اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سمیرا کو زہریلی چیز دے کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ اے سیکشن میں مقتولہ کی بیٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں سمیرا کی بیٹی نے موقف اختیار کیا کہ ان کی والدہ کو زبردستی گولیاں کھلائی گئیں، جس کے باعث حالت بگڑنے پر انہیں سکھر منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ مقدمے میں سابق شوہر علی رضا اور اس کے ساتھی عمران کو نامزد کیا گیا جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے اور مزید پیش رفت پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔ اہلخانہ کے مطابق سمیرا راجپوت نے تین سال قبل علی رضا سے طلاق لے لی تھی، مگر وہ اور اس کا ساتھی عمران دوبارہ شادی کیلئے دبائو ڈال رہے تھے، جس پر کئی بار تنازع بھی ہوا۔