بالی ووڈ اداکار سونو سود نے سلمان خان کے ساتھ انا یا شخصی ٹکراؤ کے دعووں پر ردعمل کا اظہار کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا ایک طریقہ کار یا معیار رہتا تھا کہ ٹھیک ہے آپ کے میرے سے زیادہ سین ہوسکتے ہیں لیکن میں بھی باقی رول میں بہترین کوشش کرکے اسے اچھے سے اچھا کرواؤں گا۔
سونو سود نے ان خیالات کا اظہار خاتون صحافی سمیتا پرکاش کے پوڈ کاسٹ (ڈیجیٹل آڈیو) میں بطور آئندہ آنے والے مہمان کے طور پر گفتگو کے دوران کیا۔
اس پوڈ کاسٹ کی آئندہ قسط سے ایک چھوٹا ٹیزر سمیتا کے میڈیا ادارے نے جاری کیا ہے۔ گفتگو کے دوران پنجاب کے علاقے موگا سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ سونو نے مزید کہا کہ 2010 کی ہٹ فلم دبنگ کو پہلے تو میں نے کرنے سے انکار کردیا تھا۔
لیکن بعد میں میرے ولن والے کردار (چڈی سنگھ) میں کچھ تبدیلیوں کے بعد میں فلم کرنے کے لیے تیار ہوا، میں نے دبنگ کے بہت سارے سین لکھے اور کیریکٹر کو بدلا اور اسے ذرا سافٹ اور کومیکل بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بی جے پی کی جانب سے دوبار راجیا سبھا میں نشست اور ڈپٹی چیف منسٹرشپ کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے لینے سے انکار کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ سونو نے اپنا بالی ووڈ کیریئر 2004 کی فلم شہید اعظم سے کیا، اس کے بعد اسی سال یووا، 2005 کی فلم عاشق بنایا آپ نے، 2008 جودھا اکبر اور کنگ از سنگھ اور متعدد فلموں میں کام کیا۔ اب وہ اپنی آئندہ آنے والی فلم فاتح میں نظر آئیں گے۔