• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے 5 تعلیمی بورڈز کے سربراہ امتحانی نظام آؤٹ سورس کرنے پر راضی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے تعلیمی بورڈز کے پانچ چیئرمین نے امتحانی نظام کو آؤٹ سورس کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے تاہم اس کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے مشاورت بعد میں کی جائے گی۔ انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی بورڈز کے چیئرمین حضرات نے امتحانی سلسلے میں صرف ایک یا دو مضامین کی اسسمنٹ نجی آئی ٹی کمپنی کے حوالے کرنے پر اتفاق کرلیا ہے تاہم اگر اس فیصلے کو حتمی شکل دی جاتی ہے تو اس کا اطلاق رواں کے بجائے آئندہ تعلیمی سیشن کے لیے ہونے والے 2024 کے امتحانات سے کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ چونکہ اس نجی کمپنی کہ پیشہ ورانہ استعداد سے کوئی بھی واقف نہیں ہے اور نہ بورڈز کا موجودہ ایکٹ اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ امتحانی نظام کو آؤٹ سورس کیا جائے لہذا اگر اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ یا وزارت کا زیادہ دباؤ سامنے آیا یا کوئی قانون سازی کی گئی تو آزمائشی طور پر نویں اور گیارہویں جماعتوں کے فزکس اور کیمسٹری کے مضامین کی کاپیاں اسسمنٹ (ای مارکنگ) کے لیے انھیں دی جاسکتی ہیں۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ چونکہ اب امتحانات بہت قریب آچکے ہیں اور درمیان میں صرف رمضان کا ایک مہینہ باقی ہے اور ٹینڈر کے اجراء کے قانونی تقاضے امتحانات تک پورے نہیں ہو پائیں گے لہذا ضروری ہوا تو آئندہ سیشن کے امتحانات کے لیے اس فیصلہ کا اطلاق کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید