کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کیلئے کوئی رحم نہیں کی امریکی دھمکی عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار، امریکی وزیر دفاع کے بیان پر انسانی حقوق گروپوں کی تنقید، جنگی قوانین کے تحت دشمن کو ہتھیار ڈالنے کا موقع دینا لازم ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی سخت زبان سے خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ جنگ میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق اصول نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ماہرین اور انسانی حقوق تنظیموں نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے اس بیان کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ میں کوئی رحم اور کوئی مہلت نہیں دی جائے گی۔ مبصرین کے مطابق جنگی قوانین، ہیگ کنونشن اور دیگر عالمی معاہدوں کے تحت دشمن کو ہتھیار ڈالنے کا موقع نہ دینے کی دھمکی دینا غیر قانونی ہے اور بعض صورتوں میں اسے جنگی جرم بھی سمجھا جا سکتا ہے۔