• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: رضوان کے مسلسل تیسرے سال 500 رنز، پہلے بیٹر بن گئے

لاہور (نمائندہ خصوصی) محمد رضوان نے پی ایس ایل 8 میں 500 رنز مکمل کرلئے۔ سلطانز کے کپتان نے یہ سنگ میل رواں سیزن میں11اننگز میں عبور کیا۔ وہ اب تک 516رنز بناچکے ہیں۔ محمد رضوان نے مسلسل تین ایڈیشنز میں پانچ ، پانچ سو رنز بنالئے ہیں۔ وہ تین ایڈیشنز میں پانچ، پانچ سو رنز کرنے والے پہلے بیٹر ہیں۔ رضوان نے پی ایس ایل چھ میں 500اور پی ایس ایل سات میں546 رنز بنائے تھے ۔ دریں اثنا محمد رضوان نے اپنی ٹیم کے اسپانسرز کالوگو چھپانے کے لئے ٹیپ استعمال کی۔ پاکستان سپر لیگ میں کچھ ایسے اسپانسرز موجود ہیں جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کا تعلق سٹے بازی کی سائٹس سے ہے۔ ذرائع کا کہنا کہ محمد رضوان نے ٹیم انتظامیہ کو بتانے کے بعد سفید ٹیپ لگاکر اسپانسر کا لوگو چھپا دیا جبکہ بقیہ پوری ٹیم کے کھلاڑیوں کی شرٹس پر بدھ والے پلے آف میں لوگو موجود تھا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد رضوان لوگو کیوں نہیں استعمال کررہے اس بارے میں ٹیم انتظامیہ ہی بتاسکتی ہے لیکن یہ بیٹنگ سائٹ نہیں ہے۔ اس بارے میں ہم پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں۔