اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ملک کی سیاسی ابتری اور معاشی صورتحال کی ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنی انا کی وجہ سے گرفتاری کے نزدیک پہنچ گئے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بہت اہم ہیں اس لئے وہ عدالت نہیں جائیں گے لیکن زمینی حقائق مختلف ہیں۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو ایک بدترین بحران کا سامنا ہے، ہمارے ہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان تقسیم اور سیاسی پولرائزیشن میں اس قدر اضافہ ہوچکا ہے کہ سیاسی جماعتیں یا سیاسی اسٹیک ہولڈرز ایک ساتھ بیٹھ کر آپس میں مسائل پر بات کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں رہے۔ یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہم معاشی بحران کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حملوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے نتیجے میں ملک کو سکیورٹی خدشات کے ساتھ ساتھ تاریخ کی سب سے بڑی ماحولیاتی تباہی کے اثرات کا بھی سامنا ہے۔