لیجنڈ اداکار رجنی کانت کی صاحبزادی اور فلمساز ایشوریا رجنی کانت نے اپنے چنئی والے گھر سے زیورات کی چوری کی پولیس شکایت درج کروادی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس شکایت میں ایشوریا رجنی کانت نے کہا کہ اُن کی لاکھوں روپے مالیت کی جیولری گھر میں موجود لاکر سے چوری کرلی گئی ہے۔
ایشوریا رجنی کانت جو 7 سال بعد فلمسازی کی طرف لوٹی ہیں اور آج کل اپنی فلم لال سلام کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
انہوں نے گھر سے زیورات کی چوری کا الزام اپنے دو گھریلو ملازمین اور ڈرائیور پر لگایا ہے۔
رپورٹ میں خاتون فلمساز نے بتایا کہ اُن کے گھر سے سونے اور ہیرے کے زیوارت چوری ہوئے ہیں، جن کی مالیت 3 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔
ایشوریا رجنی کانت نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ انہوں نے زیورات آخری بار اپنی بہن سوندھریا کی شادی میں 2019 میں پہننے تھے، اُس کے بعد وہ لاکر میں موجود تھے، جس کے بارے میں گھر کے عملے کے کچھ افراد کو علم تھا۔
پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 381 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران لاکر ایک بار اُن کے سابقہ شوہر دھنش کے اپارٹمنٹ گیا، وہاں سے اُسی برس واپس آیا، پھر گزشتہ برس رجنی کانت کی رہائشگاہ پر منتقل ہوا لیکن اس کی چابیاں ایشوریا رجنی کانت کے گھر پر ہی رہیں۔