برسلز( حافظ انیب راشد ) پاکستان تحریک انصاف یورپ کے زیر اہتمام یورپین پارلیمنٹ کے سامنے بڑا مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تصاویر والے پوسٹر اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ، مظاہرے میں موجودہ حکومت کے قائدین کی تنقیدی تصاویر بھی موجود تھیں۔ مقررین نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے پی ڈی ایم حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقررین نے لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا بولنے کو پولیس گردی قرار دیا۔ پی ٹی آئی اوورسیز کے مرکزی رہنما صاحبزادہ جہانگیر نے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان پر ریاست کی جانب سے بنائے جانے والے لا تعداد مقدمات کو انصاف کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے سے یورپین پارلیمنٹ کے ممبران کو اس سلسلے میں آگاہی دینے کا عمل شروع کردیا جائے گا اور ان کے ساتھ پاکستان میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال بیان کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح اوورسیز کی بہت بڑی تعداد عمران خان کو پاکستان کیلئے بہتر رہنما تصور کرتی ہے، انہیں اس بات پر شدید غصہ ہے کہ ایک چھوٹے سے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کردیا ہے۔ پی ٹی آئی بلجیم کے چیئرمین شکیل گوہر نے عمران خان کو ایمانداررہنما قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ان پر بد عنوانی ثابت ہوجائے تو وہ اس کیلئے اپنے اثاثے بیچ کر بھی ادائیگی کر دیں گے۔ منتظمین کے مطابق اس مظاہرے میں یورپ کے 22 ممالک سے پی ٹی آئی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ آخر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا جس میں انہوں نے اپنے خلاف بنائے جانے والے مقدمات کی صحت کے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے اسے ان کی بلا جواز گرفتاری کی کوشش کیلئے بہانہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنی مجوزہ گرفتاری کو بھی لندن پلان کا حصہ قرار دیتے ہوئے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت الیکشن سے راہ فرار چاہتی ہے، اس مظاہرے میں برطانیہ سے عمران خلیل اور پیرس سے یاسر قدیر کی قیادت میں بڑے جلوسوں نے شرکت کی، اس کے علاوہ اٹلی اور اسپین سے بھی بڑے قافلے اس مظاہرے کا حصہ تھے۔