• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدمات کی مینجمنٹ، محمد خان بھٹی کیخلاف جوڈیشل کونسل میں متفرق درخواست دائر

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی عدالتی مقدمات کی مینجمنٹ سے متعلق ویڈیو لیکس کے متن کو سپریم جوڈیشل کونسل کے ریکارڈ کا حصہ بنانے کیلئے متفرق درخواست دائرکر دی گئی ہے۔بدھ کے روز یہ متفرق درخواست سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے والے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست کے ساتھ محمد خان بھٹی کی گفتگو کا ٹرانسکرپٹ بھی منسلک ہے، درخواست کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی تمام ممبران کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ متفرق درخواست میں شکایت کنندہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور ان کی فیملی کے اثاثوں میں غیرقانونی اضافے، عدالتی عہدے کے ناجائز استعمال، کاروباری ، بااثر شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، حامیوں اور ورکروں بالخصوص عمران خان، پرویز الہی وغیرہ کے ساتھ بالواسطہ اور بلاواسطہ قریبی اور خفیہ تعلقات، فرنٹ مینوں اور بے نامی داروں کے ذریعے دولت میں اضافے کے حوالے سے الزامات پر مبنی ایک شکایت 23فروری سے دائر کی ہوئی ہے جبکہ پاکستان بار کونسل اور دیگر وکلاء اورعام شہریوں نے بھی انہی الزامات پر جسٹس نقوی کیخلاف شکایات جمع کروا رکھی ہیں ، درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ21مارچ کو مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس(فیس بک اور ٹوئٹرپر ایک ویڈیو وائرل ہونا شروع ہوئی جس کی شناخت سابق وزیر اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے نام سے ہوئی ہے، جس میں وہ کسی شخص کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید