کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے سینئر صوبائی نائب صدر حاجی سیف اﷲ خان کاکڑ نے کارکنوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد تحریک انصاف عمران خان کے قتل کے منصوبے بنانے والے ملک کو آگ و خون میں دھکیلنا چاہتے ہیں اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ خدانخواستہ عمران خان کو راستے سے ہٹا کر حقیقی آزادی کی تحریک ختم کر دے گا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے کیونکہ ملک کا ہر نوجوان اور ہر فرد عمران خان بن چکا ہے عمران خان ایک فرد نہیں بلکہ اب نظریہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیامگر اب بھی ملک بچانے کے بجائے عمران خان کو راستے سے ہٹانے کیلئے پورا زور لگایا جا رہا ہے، ملک و قوم تباہ و برباد ہو جائے اس کی انہیں بالکل فکر نہیں ان کا تمام تر فوکس عمران خان کے خلاف غیر قانونی و غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کرنے پر ہے اور اب تو وہ عمران خان کی جان لینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک فرد نہیں بلکہ نظریہ بن کر ملک کے ہر فرد تک پہنچ چکا ہے، قوم ان کے ساتھ کھری ہے اور غیر قانونی و غیر آئینی ہتھکنڈوں سے ایک متحد قوم و نظرئیے کو ہرگز شکست نہیں دی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ مخالفین کچھ بھی کرلیں مستقبل تحریک انصاف کا ہے قوم حقیقی آزادی لے کر ہی رہے گی۔