• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، خیبرپختونخوا، بارش ژالہ باری سے تباہی، چھتیں گرنے سے 10افراد ہلاک، فصلوں کو نقصان

اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، مردان (صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں بارش،ژالہ باری سے تباہی، چھتیں گرنے سے دس افراد ہلاک،فصلوں کو نقصان پہنچا، ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے چھتیں گرنے سے تخت بھائی2بچےہلاک ،میاں بیوی زخمی،ضلع خیبروادی تیراہ ،باڑہ میں ایک خاتون سمیت4افراد جاں بحق 17زخمی،چکوال میں 2مزدور جاں بحق ایک زخمی،شیرگڑھ میں 2بچے جاں بحق اور میاں بیوی زخمی ہو گئے ،بارش کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل جس سے شہریوں کو سحری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،بھمبر آزاد کشمیراور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی،سیکڑوں مکانات جزوی تباہ،چکوال میں دو مزدور چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دب جانے سے ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔پنجاب کے جڑواں شہروں سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور، شیخوپورہ، چکوال، تلہ گنگ، سمیت بیشتر علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا ۔بارش کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی جس کے باعث شہریوں کو سحری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔بھمبر آزاد کشمیراور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی اس دوران بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔ وادی نیلم، اٹھ مقام اور گردونواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ لوات بالا، شاردہ، کیل گریس ویلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔موسلا دھار بارش کے باعث دریائے نیلم اور ندی نالوں میں پانی کے بہا ؤمیں اضافہ ہو گیا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لیے سیاح اور شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تخت بھائی اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی۔ جس کے ملبے تلے دب کر 2بچے جاں بحق جبکہ اہلیہ اور خاوند شدید زخمی ہو گئے۔بلوچستان کے بھی مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
اہم خبریں سے مزید