• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی بی ایف اے کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں جاری

کوئٹہ(خ ن)رمضان المبارک میں عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران 20 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔بروری روڈ اور ملحقہ علاقوں میں بی ایف اے انسپکشن ٹیموں نے 5 میٹ شاپس ، ایک ملک شاپ ،ایک جنرل اسٹور اور ایک کینٹین کے خلاف کارروائی کی۔ معائنہ ٹیم کے مطابق میٹ شاپس کو صفائی کی ابتر صورتحال و دکانوں کے باہر گردوغبار میں باسی گوشت لٹکانے پر جرمانہ کیا گیا ۔ ملک شاپ کے دودھ میں پانی کی وافر مقدار کی ملاوٹ پائی گئی ۔کینٹین میں اشیاء تلنے کیلئے زیر استعمال کوکنگ آئل غیر معیاری ، کچن میں گندگی جبکہ جنرل اسٹور کو زائد المیعاد مصنوعات کی موجودگی اور پابندی عائد ناقص کوکنگ آئل کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح نواں کلی میں غیر صحت بخش حالات میں سموسے پکوڑے تیار کرنے پر 3 دکانوں ، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک میٹ شاپ جبکہ صفائی کی ابتر صورتحال سمیت مختلف وجوہات پر ایک بیکنگ یونٹ کے خلاف ایکشن لیا گیا ، بیکنگ یونٹ میں حتمی اشیاء پر تیاری و تواریخ تنسیخ ظاہر نہیں کی گئی تھیں جبکہ اشیاء ذخیرہ کرنے کے انتظامات بھی انتہائی غیر صحت بخش ، بیکنگ ٹریز و مشینری آلودہ و زنگ زدہ پائی گئیں ۔ علاوہ ازیں ملک شاپس اور بیکرز سمیت کھانے پینے کے دیگر 7 مراکز کے خلاف مختلف وجوہات ایس او پیز کی خلاف ورزی ، لائسنس کی عدم دستیابی ، پروڈکشن میں ناقص اجزاء کی مکسنگ پر جرمانہ کیا گیا۔ مراکز مالکان کو تنبیہ کی گئی کہ عوام کو فراہم کردہ خوراک کے بہتر معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور لائسنس کے حصول کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بی ایف اے ہیڈ آفس سے رجوع کریں ۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کیلئے مسلسل مصروف عمل ہیں جبکہ بی ایف اے کے ملاوٹی و غیر محفوظ خوراک کے خلاف جاری آپریشنز کو متعلقہ ضلعی انتظامیہ ، مقامی ٹریڈ یونینز اور عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے ۔
کوئٹہ سے مزید