• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث پارکوں کی حالت زار بہتر نہ ہو سکی

ملتان (سٹاف رپورٹر) فنڈز نہ ہونے کے باعث پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر کنٹرول پارکوں کی حالت زار بہتر نہ ہو سکی، شہر کے بیشتر پارکس بنیادی سہولتوں سے محروم جب کہ بڑی تفریح گاہوں کی تزئین و آرائش کا سلسلہ بھی رک گیا، تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان فنڈز کی کمی کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے شہر میں واقع درجنوں پارکس کی حالت زار انتہائی ابتر ہو چکی ہے، پارکوں میں جاگنگ ٹریکس خستہ ہو چکے ہیں، ان پر جڑی بوٹیاں اگ آئی ہیں، جھولے موجود نہیں ہیں جب کہ بعض پارکوں میں کچرے کے بھی ڈھیر لگ چکے ہیں، بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے، دوسری جانب پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان شہر کی بڑی تفریح گاہوں کی تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل نہیں کر سکی، معلوم ہوا ہے کہ شاہ شمس پارک اور جناح پارک سمیت دیگر بڑی تفریح گاہوں کی مکمل بحالی و تزئین و آرائش پر 20 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی، تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے فنڈز فراہم نہ کرنے کی وجہ سے بڑے پارک بھی عوامی سہولتوں سے محروم ہیں، دوسری جانب گرین بیلٹس پر قبضے واگزار کروانے کے لئے آپریشن بھی شروع نہیں کیا جا سکا جس سے وہاڑی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا نے گرین بیلٹس پر کاروباری سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں، اس سلسلے میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاہے بگاہے پارکوں کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے ، فنڈز ملتے ہی جناح پارک سمیت بڑی تفریح گاہوں میں بھی عوامی سہولتوں کی فراہمی کا آغاز کر دیں گے۔
ملتان سے مزید