جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور رقاصہ سائی پلوی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی ابتدا میں اپنے چہرے کے کیل مہاسوں، آواز اور ظاہری شکل وصورت کے حوالے سے خاصی پریشان اور خود کو کافی غیر محفوظ سمجھتی تھیں۔
انہیں شک تھا کہ اپنی آواز اور شکل و صورت کی وجہ سے انہیں اچھا رسپانس نہیں ملے گا۔
لیکن جب انہوں نے 2015 میں بہت زیادہ پسند کیے جانے والے فلم ڈائریکٹر الفانسو پوتھرین کی ملیالم فلم پریمام میں نوین پاؤلی کے ساتھ مرکزی کردار کیا تو ان میں کافی اعتماد آیا۔
سائی پلوی بنیادی طور پر تامل، تیلگو اور ملیالم فلموں میں کام کرتی ہیں۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہدایتکار الفانسو پوتھرین اور ان کی فلم کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس کی وجہ سے انہیں اپنی شکل صورت اور کام پر کافی بھروسہ ہوگیا ہے۔
30 سالہ سائی پلوی ساؤتھ کی فلم انڈسٹری میں بہت زیادہ مصروف اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے گزشتہ برس تامل فلم گرگی میں اسکول ٹیچر کا رول کیا، جبکہ ان کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ تیلگو فلم پشپا کے پارٹ ٹو میں الو ارجن، فہد فاسل اور رشمیکا مندانا کے ساتھ اہم کردار میں نظر آئیں گی۔