• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حکام قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ٹریفک چیف قمر حیات

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے فینسی نمبر پلیٹ و غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور کالے شیشوں کے استعمال پر گزشتہ ہفتے 3900 افراد پر جرمانے عائد کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور کالے شیشوں کا استعمال کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں کیں جس کے تحت کالے شیشے استعمال کرنے پر 1600، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چلانے پر 1750 اور فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر 550 افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور گاڑیوں سے کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ اتارے اور خلاف ورزی کرنیوالوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالے شیشوں کے استعمال اور بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد ہے جس کے خلاف سٹی ٹریفک پولیس پشاور الرٹ ہے اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی کیونکہ قانون ہر خاص و عام کیلئے یکساں ہے جس سے کوئی مبرا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔
پشاور سے مزید