پشاور (جنگ نیوز) خیبرپختونخوا کے اضلاع میں مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں اور افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تعاون سے شروع کیا گیا منصوبہ مکمل ہوگیا، جس کے تحت تمام 19 تحصیل لوکل گورنمنٹس نے چار سالہ درمیانی مدت کے ترقیاتی منصوبے (MTDPs) تیار کرکے منظور کر لیے۔ لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (LGE&RDD) اور جائیکا کے اشتراک سے منصوبے کے اختتامی سیمینار کا انعقاد پشاور کے ایک ہوٹل میں ہوا۔ سیمینار میں تحصیل، ضلعی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔منصوبے کا مقصد ضم شدہ اضلاع میں مقامی حکومتوں کی استعداد کار بہتر بنانا، مقامی سطح پر ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبہ بندی کو فروغ دینا تھا۔لوکل گورننس اسکول کے ذریعے 808منتخب کونسل ممبران اور مقامی حکومتی افسران کو تربیت دی گئی، جن میں 163خواتین بھی شامل تھیں۔ مزید 763 منتخب نمائندوں اور افسران کو تحصیل پروفائلنگ اور درمیانی مدت کی ترقیاتی منصوبہ بندی کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔منصوبے کے دوران تمام 19تحصیل کونسلیں فعال ہوئیں، باقاعدہ اجلاس منعقد کیے گئے اور قانونی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ مقامی سطح پر ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی کے لیے 2500 سے زائد کمیونٹی مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں 18500سے زائد ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی کی گئی۔ ان مشاورت کی بنیاد پر تمام 19 تحصیل لوکل گورنمنٹس نے چار سالہ ترقیاتی منصوبے تیار کیے، جنہیں متعلقہ تحصیل کونسلوں نے منظور کیا۔