پشاور (جنگ نیوز) مشیرِ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا برائے صنعت و تجارت، ہمایون خان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں چوگوری آئی ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کے موبائل فون مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔ کمپنی فیوا موبائل کے برانڈ نام سے موبائل فون تیار کرتی ہے۔مشیرِ وزیراعلیٰ نے زون مینجمنٹ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہیں زون میں جاری ترقیاتی پیش رفت، صنعتی اداروں کی موجودہ صورتحال، سرمایہ کاری اور روزگار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افتتاح سے قبل مشیرِ وزیراعلیٰ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر KPEZDMC، شہریار گل کے ہمراہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے فعال اور زیرِ تکمیل صنعتی یونٹس کا جائزہ لیا اور زون میں جاری صنعتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔اس کے بعد انہوں نے چوگوری آئی ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کا دورہ کیا، جہاں کمپنی کی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔ مشیرِ وزیراعلیٰ نے موبائل فون مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کیا، پیداواری سہولت کا معائنہ کیا اور کمپنی کی سرمایہ کاری، پیداواری منصوبوں، روزگار اور مستقبل میں توسیع کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔کمپنی کے مطابق یہ یونٹ دو ایکڑ رقبے پر قائم کیا گیا ہے، جس میں 750ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ کمپنی میں اس وقت 150سے 200افراد کام کر رہے ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے ساتھ روزگار کے مواقع کی تعداد 2,000تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔کمپنی مستقبل میں اپنی مصنوعات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے لیپ ٹاپ، نوٹ بک، روبوٹکس، نیٹ ورک آلات اور سیٹلائٹ سے متعلق ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔