پشاور (جنگ نیوز) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈاکٹر محسن حبیب کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ہمایوں خان کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے کامیاب ٹریپ ریڈ کرتے ہوئے پٹواری نوید کو مبینہ طور پر 40ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی، جس دوران ملزم سے نشان زدہ 40ہزار روپے برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق ملزم نے سائل کی والدہ کی جائیداد کے انتقال کے عوض مزید 15لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کر رکھا تھا اور اس سے قبل بھی مبینہ طور پر 15لاکھ روپے وصول کر چکا تھا۔شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن حکام نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ٹریپ ریڈ کیا اور پٹواری نوید کو نشان زدہ رقم وصول کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔