• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی وفد کی 7 سال بعد پہلی بار تہران آمد، پرتپاک استقبال، ایران میں سفارتی مشن دوبارہ کھولنے کیلئے مذاکرات

ریاض (شاہدنعیم، جنگ نیوز)سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی میں تعلقات بحالی کے معاہدے کے بعد 7سال میں پہلی بار سعودی وفد مذاکرات کیلئے تہران پہنچ گیا ، ایرانی حکام کی جانب سے سعودی وفد کا پرتپاک استقبال ، سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی حکام ایرانی حکام سے تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہدمیں قونصل خانے کو دوبارہ کھولنے کے طریق کارپرتبادلہ خیال کریں گے۔سعودی تکنیکی ٹیم کی سربراہی نصیر الغنوم کررہے ہیں جنہوں نے ایرانی وزارت خارجہ امور کے چیف پروٹوکول افسر اور ایرانی سفیر ہنر دوست سے ملاقات کی ،یہ ملاقات تہرا ن میں خارجہ امور کے ہیڈکوارٹرز میں ہوئی ، ملاقات میں سعودی وفد کے سربراہ نے ایرانی سفیر کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا ، رپورٹ کے مطابق سعودی عرب تہران میں اپنا سفارتخانہ اور مشہد میں اپنا قونصل خانہ دوبارہ کھولے گا ، اس موقع پر ہنر دوست نے کہا کہ ان کا ملک سعودی ٹیم کوان کے مشن کیلئے تمام تر سہولیات اور حمایت فراہم کرے گا ۔ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو ہوا دینے والی کئی برس کی مخاصمت کے بعدایران اورسعودی عرب نے مارچ میں اپنے اختلافات کو ختم کرنے،سفارتی تعلقات کی بحالی اورمشنوں کو دوبارہ کھولنے پراتفاق کیا تھا، سعودی عرب نے سنہ 2016میں ایران کے ساتھ سفارتی اورسیاسی تعلقات منقطع کردیے تھے۔اس وقت سیکڑوں مشتعل ایرانیوں نے تہران میں سعودی سفارت خانے اورمشہدمیں قونصل خانے پردھاوا بول دیا تھا۔ان حملوں کے بعد سعودی عرب نے ایران سے اپنے سفارتی عملہ کو واپس بلا لیا تھا۔

دنیا بھر سے سے مزید