• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحرانوں سے نکلنے کیلئےتمام سٹیک ہولڈرز مل کرراستہ تلاش کریں،سراج الحق

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بدامنی کی لپیٹ میں، معیشت تباہ، مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیے۔ قومی انتخابات کی طرف جاناہو گا۔ حکمران جماعتوں نے مفادات کے لیے لڑائی میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، گزشتہ پانچ برسوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پارلیمنٹ میں ایک قانون بھی پاس نہیں ہوا، اس کے مقابلے میں آئی ایم ایف کے 36قوانین چند منٹوں میں پاس کرائے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز الاسلامی پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے کہاحکمران اشرافیہ اربوں کے اثاثوں کی مالک ہو کر بھی غریب سے ہی قربانی مانگتی ہے، یہ لوگ اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں،حکمران طبقہ آئی ایم ایف کا قرضہ لے کر خود کھا گئے اور ان کے پاس قرض واپسی کا بھی کوئی میکنزم نہیں، اسحاق ڈار کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ڈالر اب تین سو روپے کا ہو گیا، سودی معیشت اور کرپشن نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں ایک طرف مہنگائی اور دوسری جانب کرپشن ہے۔ پاکستان سٹیل مل سمیت دیگر قومی ادارے ملک کے لیے سفید ہاتھی بن چکے ہیں، پی آئی اے کا روزانہ پچیس کروڑ، سٹیل ملز 33کروڑ اور پاکستان ریلوے کا 14کروڑ یومیہ خسارہ ہے، آج بنگلہ دیش کی معیشت ہم سے آگے ہے۔ سوال یہ ہے کہ ملک کی تباہی کا ذمہ دار کون ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں کرپشن اور بے روزگاری میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔ 11کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید