• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بچوں کو ای سگریٹ کی فروخت روکنے کے لیے انفورسمنٹ اسکواڈز کے قیام کا وعدہ کرے گی

لندن (پی اے) حکومت بچوں کو الیکٹرونک سگریٹ کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے ’انفورسمنٹ اسکواڈز‘ کا وعدہ کرے گی۔ وزراء سے توقع کی گئی ہے کہ وہ ویپس انفورسمنٹ اسکواڈ کے ذریعے 18 سال سے کم عمر افراد کو ای سگریٹ کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کا عہد کریں گے۔ محکمہ صحت و سماجی نگہداشت (ڈی ایچ ایس سی) کے مطابق ٹاسک فورسز دکانوں پرخریداری کی جانچ کریں گی اورعلاقائی نیٹ ورکس اور مقامی حکام سے انٹیلی جنس شیئر کریں گی۔ حکومت ای سگریٹ استعمال کرنے والے بچوں کی تعداد کم کرنے کے لیے کال شروع کرنے کا بھی اعلان کرنے والی ہے۔ اسکواڈز کو دکانوں اوربارڈرز سے غیر قانونی مصنوعات ضبط کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ جب یہ سوال کیا گیا کہ اسکواڈز میں بھرتی کیسے کی جائے گی تو ڈی ایچ ایس سی نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ وزیر صحت نیل اوبرائن نے کہا کہ تمباکو نوشی جان لیوا ہوتی ہے، اس لیے ہماری ترجیح لوگوں کو تمباکو نوشی سے روکنا ہے، اور سگریٹ چھوڑنے میں ان کی مدد کرنا ہے ہم 2030تک سگریٹ نوشی سے پاک رہنے کے لیے پرعزم ہیں۔ تاہم، اگرچہ بڑوں کے لیے سگریٹ نوشی کا ایک بہتر متبادل ہے، ہم نوجوانوں میں بخارات میں اضافے، خاص طور پر ڈسپوزایبل ای سگریٹ مصنوعات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے بارے میں فکر مند ہیں۔ نیا غیر قانونی ویپس انفورسمنٹ اسکواڈ پورے ملک میں کام کرے گا اور بچوں کو ویپس بیچنے والے ان بزنسز پر شکنجہ کسے گا جو کہ غیر قانونی ہے اور بچوں کو نیکوٹین میں جکڑتا ہے۔ توقع ہے کہ مسٹر اوبرائن منگل کو پالیسی ایکسچینج میں ایک تقریر میں منصوبوں کا خاکہ پیش کریں گے۔ یہ منصوبہ اس وقت سامنے آیا جب ٹوریز اور لیبر دونوں نے اگلے ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل جرائم سے لڑنے کے منصوبوں کو اپنی کمپینز کے مرکزی نکتے میں شامل رکھنے پر اتفاق کیا۔ لیبر لیڈر سر کیر سٹارمر نے 13000پولیس افسران کو توڑ پھوڑ اور غیر سماجی رویے کی بڑھتی ہوئی سطحوں سے نمٹنے میں مدد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ وزیر اعظم رشی سونک نے حال ہی میں سماجی رویوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا، جس میں لافنگ گیس پر پابندی، تیز تر انصاف کے اقدامات اور انگلینڈ اور ویلز کے ان علاقوں میں پولیسنگ میں اضافہ شامل ہے۔

یورپ سے سے مزید