• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنخواہ کا تنازع: انگلینڈ بھر میں جونیئر ڈاکٹرز کی چار روزہ ہڑتال شروع

لندن(سعید نیازی) انگلینڈ میں جونیئر ڈاکٹروں نے تنخواہ کے تنازع پر چار روزہ ہڑتال کا آغاز کردیا، منگل کی صبح شروع ہونے والی ہڑتال ہفتہ کی صبح تک جاری رہے گی ،برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن جونیئر ڈاکٹرز کی تنخواہ میں 35فیصد اضافہ کا مطالبہ کر رہی ہے، یونین کا کہنا ہے کہ15برس سے مہنگائی کی شرح سے تنخواہ میں کم اضافے کے سبب وہ 35 فیصد اضافے کی خواہاں ہے۔ حکومت نے اضافے کے مطالبہ کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا ہے ، بی ایم اے کا کہنا ہےکہ ہسپتالوں میں کسی کے جان کے خطرے کی صورت میں ڈاکٹر فوری طور پر ہڑتال ختم کر کے کام کیلئے دستیاب ہونگے۔ این ایچ ایس انگلینڈ کے نیشنل میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر سر اسٹیفن پووس کا کہنا ہےکہ یہ این ایچ ایس کی تاریخ کی سب سے زیادہ خلل ڈالنے والی ہڑتال ہوگی اورا س ہڑتال سے ڈھائی لاکھ سے ساڑھے تین لاکھ اپوائٹمنٹس اور آپریشن منسوخ ہوسکتے ہیں، گزشتہ ماہ جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال کے سبب ایک لاکھ 75 ہزار اپوائٹمنٹ اور آپریشن منسوخ ہوئے تھے، ہیلتھ سیکرٹری اسٹیو بارکلے نے ہڑتال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہڑتال کیلئے ایسے وقت کا انتخاب کیا گیا ہے جو کہ ہسپتال میں مصروف ترین وقت ہوتا ہے اور 35فیصد اضافہ کا مطالبہ مناسب نہیں ،اس سے جونیئر ڈاکٹرز کی تنخوا میں 20ہزار پونڈ کا اضافہ ہوجائے گا، جونیئر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس ہڑتال کا مقصد مریضوں کی حفاظت کو یقیی بنانا ہے کیونکہ کم تنخواہ کے سبب ڈاکٹر جاب چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

یورپ سے سے مزید