لاہور ( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا پنجاب کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا تھا، اسے گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر روکا، پنجاب کی عوام سے انتقام لیا گیا،سابق حکومت نے (ن) لیگ کی حمایت کرنے پر یہاں نئے منصوبے تو درکنار ہمارے منصوبوں کو بھی روکا،صوبے کو نااہل،کٹھ پتلی وزیراعلٰی کے سپرد کر کے اس منصب کو ترقی کے بجائے وفاق میں سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال کیا گیا،برسوں تاخیر کے شکار منصوبے مکمل ہو جاتے تو لوگوں کی مشکلات کم ہو چکی ہوتیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں جاری عوامی سہولت کے ترقیاتی کاموں اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو امامیہ کالونی فلائی اوور کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو گوجرانوالہ کے عوام کی سہولت کیلئے لاہور سیالکوٹ موٹر وے لنک روڈ کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کو ایک 3رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،کمیٹی آئندہ اجلاس میں اس منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کریگی۔